وزیراعظم نے مہنگائی کیخلاف جہاد کا اعلان کردیا

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کی بہتری کا فیصلہ کن دور شروع ہو چکا ہے۔ شبلی فراز نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی۔ عددی اعتبار سے ایوان نے پہلے سے بھی زیادہ وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا۔ دھونس اور دھاندلی کی سیاست کرنے والوں کے نظریے کو شکست دینگے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیسے کے زور پر سیاست میں آنے والوں نے ملک کو تباہ کردیا۔ پیسے کے زور پر آنے والے کبھی عوامی مفادات کا تحفظ نہیں کرتے۔ تحریک انصاف سینٹ میں بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقیات کی سیاست سے وزیراعظم کی توقیر اور احترام میں اضافہ ہوا ہے۔ نظریاتی سیاست کے باعث چاروں صوبوں میں تحریک انصاف کی نمائندگی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ کیا ووٹ کو ضائع کرنے کی ترغیب جمہوریت کا فروغ ہے۔ ملک کو دیوالیہ کرنے والوں کا پیچھا کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ معاشی بہتری کا فائدہ غریب عوام کو پہنچائیں گے۔ عوام کو مہنگائی کے چنگل سے آزاد کرائیں گے۔ غریبوں کو صحت کیساتھ ساتھ چھت بھی فراہم کریں گے۔ پی ڈی ایم کمزور اخلاقی بنیادوں پر کھڑی ہے۔ عوام نے پی ڈی ایم کے نظریے کو شکست دی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ متوسط اور غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے۔ ملک میں معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ مہنگائی کی وجوہات مختلف ہیں لیکن اس میں کچھ پر ہمارا کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض چیزیں برآمد کی جاتیں ہیں اس کے باوجود ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے تاکہ صاحب ثروت کے بجائے مستحق افراد کو فائدہ پہنچے۔ شبلی فراز نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے 3ماہ قبل کام شروع ہوا تھا بہت جلد اس کے ثمرات دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جن قوتوں کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کے لیے جنگ میں مصروف ہے اس کی نمائندگی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کررہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے سیاست کو کاروبار کے فروغ کے لیے استعمال کیا۔ اس طرح عوام کی حالت بہتر نہیں ہوئی بلکہ اپوزیشن رہنماں کی جائیدادوں میں اربوں روپے اضافہ ہوا۔ کیا وجہ ہے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی محض ایک صوبے تک محدود ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اب اپوزیشن جماعتوں کا ضمیر نہیں رہا جس کی ایک حالیہ مثال یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو منظر عام پر آنے سے ملتی ہے۔ عمران خان نہ تو دبائو میں آئے گا اور نہ ہی مرعوب ہوگا۔ عمران خان نے خود کہا کہ ہم عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں۔ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو ہم نے نہیں چھوڑنا۔ علاوہ ازیں شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ مریم نواز کی باتیں لغو اور فضول ہیں۔ اتحادی اور ہمارے ارکان پہلے سے زیادہ تعداد میں تھے۔ گیلانی‘ انکے بیٹے اور پی پی نے سینٹ الیکشن پر اربوں روپے لگائے۔ گیلانی کو سینٹ کی نمائندگی چھوڑ دینی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی کے ورکرز کو اشتعال دلایا۔ پی ٹی آئی ارکان کو حبس بے جا میں رکھنے کا الزام لغو ہے۔ اپوزیشن کو سیاسی ہزیمت ہوئی ہے۔ یہ بغلیں بجا رہے تھے کہ اعتماد کا ووٹ نہیں ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن