عمرا ن کا وقت ختم لیگی ر ہنمائوں پر حملے کی بڑ ی قیمت چکا نا پڑ ے گی مر یم نواز

Mar 08, 2021

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ دھونس، دھاندلی اور غنڈہ گردی سے لیا۔ مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کے بعد پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد کا ووٹ اراکین اسمبلی کو حبس بے جا میں رکھ کر زبردستی لیا گیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنمائوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آپ 2 تھپڑ ماریں گے تو ہم 10 ماریں گے۔ اخلاق اور تہذیب کا بھاشن اپنے پاس رکھیں۔ لیگی رہنمائوں پر حملے کی بہت بڑی قیمت چکانا پڑے گی۔ اب پتا چلا کہ غنڈہ اور سسلین مافیا کسے کہتے ہیں۔ ہم تمیز کے دائرے میں رہ کر تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) چھوٹی ریس کا گھوڑا نہیں ہے۔ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ عمران خان کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کو این اے 249 سے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کا اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس شروع ہو گیا جس میں مریم نواز سمیت پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہے۔ اجلاس میں لانگ مارچ، سینٹ الیکشن سمیت سیاسی صورتحال پر غور ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اہم مشاورتی اجلاس میں نواز شریف‘ اسحاق ڈار اور حمزہ شہباز  آن لائن شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں 26 مارچ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ، مجموعی ملکی صورتحال پر غور ہوگا جبکہ حکومت مخالف تحریک میں شدت لانے سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔ حالیہ سینٹ انتخابات کے دوران اپوزیشن کی حکمت عملی اور چیئرمین سینٹ کے انتخاب سے متعلق لائحہ عمل تیارکرنے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں پارٹی کی ترجمان مریم اورنگزیب، شاہد خاقان عباسی، امیر مقام، حافظ حفیظ الرحمان کے علاوہ انجینئر خرم دستگیر، طارق فضل چودھری، جاوید لطیف، مرتضی جاوید عباسی اور مفتاح اسماعیل بھی شریک ہیں۔

مزیدخبریں