صوبہ ہلمند کی سابق خاتون پولیس سربراہ قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ، خاوند ہلاک

افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں مسلح افراد کے حملے میں خواتین پولیس کی سابق سربراہ شدید زخمی ہوگئی ہیں اور ان کے خاوند ہلاک ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گورنر ہلمند کے ترجمان عمرژواک نے کہا کہ نامعلوم مسلح افراد نے صوبائی دارالحکومت لشکرگاہ میں پولیس افسر جوڑے پر فائرنگ کی ۔صوبائی پولیس سربراہ کے دفتر سے تعلق رکھنے والے ایک افسر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مسلح افراد نے اس حملے میں خاتون پولیس افسر کو نشانہ بنایا تھا مگر گولیاں لگنے سے ان کے خاوند عبدالقیوم موقع پر ہی دم توڑ گئے ہیں۔

مقتول خود بھی ایک پولیس افسر تھے اور صوبائی ہیڈکوارٹرز میں تعینات تھے۔شدید زخمی خاتون پولیس افسر کا نام صرف ملالہ بتایا گیا ہے۔ وہ صوبے میں خواتین پولیس کی سربراہ رہ چکی ہیں۔ہلمند پولیس کے سربراہ کے ترجمان محمد زمان ہمدرد نے بتایا کہ ملالہ نے خانگی امور سے متعلق مقدمات کو نمٹانے کے ذمے دار ہلمند پولیس کے شعبے میں 14 سال تک خدمات انجام دی ہیں۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس قاتلانہ حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔عمر ژواک کا کہنا تھا کہ اس حملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن