وفاقی وزیر اسد عمرکی زیر صدارت گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پلان پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس

Mar 08, 2021 | 20:09

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے گلگت بلتستان میں تھری جی اور فور جی لائسنسوں کی نیلامی کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دے۔


وزیر منصوبہ بندی اسد عمرکی زیر صدارت گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پلان پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ایم گلگت بلتستان خالد خورشید، متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام، چیئرمین این ایچ اے اور دیگرنے شرکت کی۔

وفاقی وزیر کو پی ایس ڈی پی کے تحت مجوزہ منصوبوں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پن بجلی ، صحت ، تعلیم اور مہارت کی ترقی ، سیاحت ، نجی شعبے کی ترقی ، زراعت ، خواتین کی ترقی ، سماجی بہبود کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جی بی حکومت نے علاقے میں بجلی کے بحران کو کم کرنے سمیت سیاحت ، معدنیات ، زرعی شعبے اور سڑکوں اور مواصلات کی ترجیحات پر روشنی ڈالی گئی۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پاور سیکٹر کا اپنا ایک علاقائی گرڈ ہونا چاہئے، جی بی ڈویلپمنٹ پیکیج کا مقصد نہ صرف توانائی پیدا کرنا ہے بلکہ ریگولیٹری فریم ورک اور جنریشن ٹرانسمیشن کی تقسیم کی صلاحیت کو بھی بہتر بنانا ہے۔ دور دراز علاقوں میں معاشی سرگرمیاں پیدا کرنا مستقبل میں آئی ٹی کے مضبوط ڈھانچے کے ذریعے ہی ممکن ہوسکے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ جی بی کے نوجوانوں اور لوگوں کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں