وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں پاکستان میں اٹلی کے سفیرآندریاس فیراریس(Mr. Andreas Ferrarese)نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا - اٹلی کے سفیر نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو اٹلی کے دورے کی دعوت دی -ملاقات میں سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے اٹلی کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں -
صوبے میں 13 سپیشل اکنامک زونز کے قیام کی منصوبہ بندی کی ہے جبکہ7 سپیشل اکنامک زونز نوٹیفائی ہو چکے ہیں - اٹلی کے سرمایہ کار سپیشل اکنامک زونز میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں، ہر طرح کی سہولتیں دیں گے -وزیر اعلی نے بتایا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے نئے مقامات کو ڈویلپ کر رہے ہیں - اندرون لاہور کو اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے - پنجاب کے دیگر شہروں میں تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے والڈسٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھا یا ہے - پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں -
دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے-اٹلی اور پاکستان کے مابین تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں -اطالوی سفیر نے وزیر اعلی عثمان بزدارسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے آپ کی حکومت نے خاطرخواہ کام کیا ہے -
انہو ں نے کہا کہ اطالوی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں اور ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں - پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری سیاحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-