قوموں اور معاشروں کی تشکیل میں عورت کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے:ڈی جی پی آرثمن رائے

Mar 08, 2021 | 22:15

ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب ثمن رائے نے کہا ہے کہ عورت اپنے وجود سے ہمیشہ ہی تصویر کائنات میں رنگ بھرتی رہی ہے۔ عورت صرف محبت، ایثار اور قربانی کا ہی استعارہ نہیں بلکہ قوموں اور معاشروں کی تشکیل میں بھی اس کا کردار اسی اہمیت کا حامل ہے۔ اسلام نے عورت کے حقوق کا پہلا علمبردار بن کر اسے بلند مقام عطا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈی جی پی آر آفس میں وومن ڈے کے حوالے سے کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
    ڈی جی پی آر ثمن رائے نے کہا کہ عورت اپنے ہر روپ میں انسانیت کی معراج پر نظر آتی ہے۔ معاشرتی ترقی کے مدارج عورت کی عملی شرکت کے بغیر طے نہیں کئے جا سکتے۔ خواتین کو قومی دھارے سے باہر رکھنے والے معاشرے کبھی ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتے۔ تحریک پاکستان میں خواتین کا عملی کردار قیام پاکستان کا ضامن بنا۔ ثمن رائے نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عورتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے جامع اقدامات کئے ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ آج عورت تمام شعبہ ہائے زندگی میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنی اہمیت منواتی نظر آ رہی ہے۔

مزیدخبریں