سری نگر (کے پی آئی + این این آئی) سری نگر(کے پی آئی)شمالی کشمیرمیں پیر کو دریائے جہلم کے کنارے ایک نامعلوم لاش ملی ہے جبکہ بھارتی فورسز نیگ نے گاندر بل اور پلوامہ کے اضلاع سے 5کشمیر ی نوجوان گرفتار کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق بارہمولہ ضلع میں پیر کو دریائے جہلم کے کنارے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے۔ پولیس نے محمد الطاف وانی نامی نوجوان کو ضلع گاندر بل کے علاقے ناگ بل میں ایک ناکے پر گرفتار کر لیا ۔پولیس نے نوجوان پر ایک مجاہد تنظیم کے ساتھ وابستہ ہونے کا الزا م عائد کیا ہے۔ گرفتار نوجوان ضلع شوپیاں کے علاقے کیگام کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔پولیس نے عمر فارو ق ڈار، منظور ملک ، ارشاد احمد لون اور افنان جاوید خان نامی نوجوانوں کو پلوامہ سے گرفتار کرلیا۔ گرفتار نوجوانوں پر ایک مجاہد تنظیم کے ساتھ کام کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز سرینگر کے علاقے امیر اکدل میں دستی بم کے حملے میں زخمی ہونے والی 20 سالہ لڑکی آج سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جس سے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہو گئی۔ دوسری جانب جموں و کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو فوری طور پر آئینی حقوق اور ریاست کا درجہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معیشت عملی طور پر تباہ ہو چکی ہے اور روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں۔