اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکہ اور پاکستان کی فضائی افواج نے تین سال کے عرصہ میں پہلی مرتبہ 26 فروری سے4 مارچ تک فالکن ٹیلون2022ء نامی مشترکہ مشقیں پاکستان کے ایک فعال جنگی ہوائی اڈے پر منعقد کیں، جن کا مقصد خطہ میں سلامتی سے متعلق اْمور پر امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر ناظم الاْمور اینجلا پی ایگلر اور یو ایس سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) میں مشقوں اور اشتراک کے شعبہ کے ڈائریکٹر میجر جنرل اسٹیون دی میلانیو نے 4 مارچ کو دونوں ملکوں کی ہوائی افواج کے درمیان ہونے والی ان مشترکہ مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ناظم الامور اینجلا ایگلر نے کلیدی اہمیت کی حامل ان مشقوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان ایئرفورس کو مبارک باد پیش کی اور اْس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایئرفورس کے متعدد اہلکاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہنا اور پاکستان اور امریکہ کی ہوائی فوجوں کے اہلکاروں کو ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ایف سولہ طیارے اڑاتے ہوئے دیکھنا خوشی کی بات ہے۔ ان جنگی مشقوں کا انعقاد اپنی نوعیت کی چوتھی تقریب تھی۔ اس سلسلہ میں 2019،2011 اور 2009ء میں بھی تربیتی مشقیں منعقد ہو چْکی ہیں۔