الخدمت فائونڈیشن کے زیر اہتمام خواتین کے دن کے حوالہ سے مذاکرہ

لاہور (لیڈی رپورٹر) خواتین کے مسائل کو حل اور حقو ق کی فراہمی محض ایک دن کو خواتین سے منسوب کرکے ممکن نہیں ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے اسلامی نظام زندگی کے تحت حقوق و فرائض کی ادائیگی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ مذاکرہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرکاء نے کیا۔ مذاکرہ میںمختلف سماجی تنظیموں کی نمائندگان روبینہ شکیل،ام کلثوم ،فرحت اسلم ،فاخرہ ،تسنیم کوثر،ادیبہ و دیگر سمیت الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی ذمہ داران صبا ثاقب، صائمہ شبیر، زرافشاں فرحین اور عظمی محمد علی طلعت نے بھی شرکت کی۔شرکاء نے کہا کہ خواتین کے نام سے ایک دن کو منسوب کر دینے اور نعروں یا مارچ سے خواتین کے مسائل حل اور حقوق فراہم نہیں کئے جا سکتے اس کیلئے جہد مسلسل کے ضرورت ہے۔اسلام واحد دین ہے جس نے خواتین کو نہ صرف تحفظ بلکہ مکمل حقوق بھی فراہم کئے ہیں۔ اسلامی نظام زندگی سے متعلق آگاہی فراہم کر کے یہ مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ ہمیں آگاہی پروگرامز رکھنے اور قوم کو خدمت انسانیت کے جذبے کے ساتھ ساتھ خود کفالت کے نظام کی طرف بھی لے جانا ہوگا تاکہ من جملہ قوم ہم اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔

ای پیپر دی نیشن