لاہور (رپورٹ: رفیعہ ناہید اکرام + خصوصی نامہ نگار) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 8 مارچ کو ’’عالمی یوم خواتین‘‘ انتہائی جوش وخروش سے منایا جائے گا۔ مقصد دنیاکی حکومتوں، ریاستوں اور معاشروں کی توجہ عورت کے کردار، خدمات، مسائل، استحصال، مردانہ تعصبات، حق تلفیوں اور ظلم و تشدد کی جانب مبذول کروانا ہے۔ سال 2022ء کا تھیم ’’ پائیدار مستقبل کیلئے صنفی مساوات لازم ‘‘ہے۔ خواتین اور انسانی و خواتین کے حقوق کی تنظیموں‘ محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب کے زیراہتمام تقریبات، کانفرنسیں، ریلیاں، سیمینارز اور مذاکرے منعقد ہونگے۔ صنفی امتیاز اور ناانصافیوں پر روشنی ڈالی جائے گی اور خوشنما اعلانات بھی کئے جائیں گے۔ ادھر جامعہ سراجیہ نعیمیہ کے زیراہتمام آج یوم حیاء بھی منایا جائے گا۔ داراالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اسلام ہی سب سے بڑا خواتین کے حقوق کا علمبردار ہے۔ دین حنیف عورتوں کو تمام بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ آج کے دور میں آزادی نسواں کے نام پر عورت کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔