لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کامیاب جلسہ عام پر میلسی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ لاکھوں لوگوں کی شرکت پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام نے جوق در جوق شرکت کرکے وزیراعظم سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ عوام کو صرف وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا خطاب ان کے عوامی احساس کا آئینہ دار ہے۔ کامیاب جلسہ پر میلسی، وہاڑی کے عوام کا شکر گزار ہوں اور تحریک انصاف کے پارلیمنٹرینز، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اپوزیشن کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ میلسی کا کامیاب ترین جلسہ اپوزیشن کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔ ساری اپوزیشن مل کر بھی میلسی جلسے سے آدھے لوگ بھی جمع نہیں کر سکتی۔ جنوبی پنجاب کل بھی پی ٹی آئی کا گڑھ تھا آج بھی اور کل بھی رہے گا۔ اپوزیشن عدم اعتماد کی بند گلی میں پھنس چکی ہے اور انہیں اب فیس سیونگ بھی نہیں ملے گی۔ ملک کی ترقی کا سفر روکنے کیلئے اپوزیشن سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جب ملک معاشی طو رپر مضبوط ہو رہا ہے تو اس وقت افراتفری کی سیاست کرنا قومی مفادات کے منافی ہے۔ اس وقت مارچ یا عدم اعتماد کی بجائے اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔ ہر محب وطن پر لازم ہے کہ وہ ذاتی انا کے خول سے نکل کر وسیع تر ملکی مفادات کے بارے سوچے۔ پاکستان کا مفاد سب سے پہلے مقدم ہے۔ عمران خان نے ہر موقع پر قومی مفادات کو ترجیح دی ہے جبکہ اپوزیشن کی سیاست صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔ عدم اعتماد کا شوشہ بھی جلد دم توڑ جائے گا۔ حکومت مدت پوری کرے گی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے ماہ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی اربوں روپے کا رمضان پیکیج دے گی اور رمضان پیکیج کے ذریعے عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیں گے۔ صوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے جائیں گے اور آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف دینے کے لئے سہولت بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رمضان بازاروں کو ماہ شعبان کے آخری ہفتے سے فنکشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ میں خود رمضان بازاروں کے دورے کروں گا۔ عثما ن بزدار نے سابق صدر رفیق تارڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عوام کو صرف عمران پر اعتماد ، میلسی کا جلسہ اپوزیشن کی آنکھ کھولنے کیلئے کا فی: عثمان بزدار
Mar 08, 2022