شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیر سید اشرف رسول ایم پی اے نے کہا ہے کہ مافیاز پر مشتمل موجودہ حکومت کبھی عوام کی خیر خواہ نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی کی حکومت کا ہر دھوکہ کھل کر عوام کے سامنے آچکا ہے، قوم کو ورغلانے کی خاطر بولے گئے حکمرانوں کے جھوٹ آشکار ہوچکے اب قوم انکے کسی جھانسے میں نہیں آئے گی، نواز لیگ کی قیادت پر الزام تراشی کرنیوالوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں بدترین میڈیا ٹرائل اور احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور قیدو بند کی صعوبتوں کاشکار کرنے کے باوجود نواز لیگ کی قیادت کو دبایا اور جھکایا نہیں جاسکتا، اپنے ایک بیان میں پیر سید اشرف رسول ایم پی اے نے کہا کہ نواز لیگ موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمنی سے قوم کو آگاہ کرتی رہے گی، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ انکے پاؤں اکھڑ جانے کا پتہ دے رہی ہے،ساڑھے تین سال قوم نے پی ٹی آئی کی حکومت کی شکل میں جو عذاب جھیلا ہے اس سے نجات زیادہ دور نہیں حکمرانوں کے اقتدار کی گرتی دیوار کیلئے تحریک عدم اعتماد آخری دھکا ثابت ہو گی۔