کراچی (اسٹاف رپورٹر )المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی نے کڈنی کے عالمی دن کے موقع پر المصطفیٰ میڈیکل سینٹر گلشن اقبال میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر سید آفتاب امام گورنر روڑی کلب چیف کمشنر انکم ٹیکس تھے۔ پروگرام کی صدارت المصطفیٰ کے سر پرست اعلی سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کی۔ جبکہ دیگر میزبانوں اور مہمانوں میں المصطفیٰ کے صدر ڈاکٹر عبدالرحیم ،ماہر امراض گردہ ڈاکٹر خرم دانیال، ماہر ذیابطیس ڈاکٹر عبید احمد ہاشمی ،ماہر امراض دل ڈاکٹربنیش امام،ڈائیلاسس سینٹرزکے انچارج ڈاکٹررمیض،ادریس عبدالغفار، معین خان، فرحان اشرفی ،عبدالغفارسعیدی اور امین آدم جی شامل تھے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر سید آفتاب امام نے دل، گردے، پھیپھڑوں اور معدے کے امراض کی بنیادی وجہ ہمارے بدلتے ہوئے لائف اسٹائل کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بازاری کھانے ہماری صحت کی تباہی اور بربادی کی بنیادی وجہ ہے ہمیں فیملی سے واپس آنا چاہیے، تاکہ ملاوٹ سے پاک اور آلودہ کھانوں سے نجات مل سکے ۔المصطفیٰ کے سرپرست اعلی ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے ڈائیلاسس کے بڑھتے ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذیابیطس ، ہائی بلڈ پریشر اور ٹینشن جیسے معاملات کی صورت میں ابتدا ہی میں علاج کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا۔ المصطفیٰ کے صدر ڈاکٹر عبدالرحیم نے جان لیوا امراض سے بچنے کے لیے اپنا لائف سٹائل بدلنے کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان کے نامور ماہرگردہ ڈاکٹر خرم دانیال نے گردے کے امراض سے پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں اور اس کے خاندان پر رونگٹے کھڑے کردینے والاتجزیہ پیش کیا اورصاف پانی کے ساتھ ساتھ ٹینشن ،بلڈ پریشر سے بچنے کی ترغیب دی۔ ملک کے نامور ماہر ذیابیطیس ڈاکٹر عبید احمد ہاشمی نے گردوں کی خرابی میں ذیابطیس کے اثرات پر روشنی ڈالی اور شوگر کنٹرول کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔