امور با اور سر سید یونیورسٹی کے محسنین کی یاد میں چیئر قائم کی جائیں گی ، جاویدانوار

کراچی (اسٹاف رپورٹر )علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی وجہ سے نہ صرف سماجی و معاشرتی ڈھانچہ بدل چکا ہے، بلکہ معمولات زندگی میں بھی نمایاں تبدیلیاں رونما ہوچکی ہیں ۔ تاہم یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ ہم نے اس چیلنج کا خوش اسلوبی سے مقابلہ کرتے ہوئے کارکردگی کے اعلی معیار کو برقرار رکھا اور تعلیمی سرگرمیوں کو تعطل کا شکار نہیں ہونے دیا ۔انھوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے فروغِ تعلیم کے لیے پہلے علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور بعدازاں سرسید یونیورسٹی قائم کی اور دونوں ادارے مستحکم بنیادوں پر ترقی کی راہ پر گامزن ہیں ۔ سرسید یونیورسٹی کا بین الاقوامی جامعات اور اداروں سے اشتراک ہے جس سے اساتذہ اور طلبا بھرپور استفادہ کر رہے ہیں ۔چانسلر جاوید انوار نے بتایا کہ ا موبا اور سرسید یونیورسٹی کے محسنین کی یاد میں چیئر قائم کی جائے گی ۔ پہلے مرحلے میں محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان چیئر اور دوسرے مرحلے میں ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور سرسید یونیورسٹی کے پہلے چانسلر انجینئر زیڈ اے نظامی چیئر، جبکہ تیسرے مرحلے میں ایسوسی ایشن کے سابق اعزازی سیکریٹری جنرل انجینئر محمد ذاکر علی خان چیئر قائم کی جائے گی ۔ محسنِ پاکستان  ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب کو قوم و ملک کے لیے گرانقدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں سرسید یونیورسٹی کی جانب سے گولڈ میڈل کی شکل میں Posthumus ایوارڈ ان کی اہلیہ کو پیش کیا جائے گا ۔ سرسید احمد خان کی ایک بہت ہی اہم کتاب تبین الکلام کی نستعلیق کتابت میں دوبارہ اشاعت کی جائے گی تاکہ قاری آسانی سے اسے پڑھ سکے ۔ تبین الکلام یہودیت اور عیسائیت کے درمیان تقابلی جائزے پر مشتمل آٹھ سو صفحات کی ایک ضخیم کتاب ہے جو ایک اہم دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے ۔علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری جنرل محمد ارشد خان نے ایسوسی ایشن کی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی بنیاد 1994 میں رکھی گئی جو اب پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں شامل ہے اور صوبائی سطح سے ہٹ کر قومی اور بین الاقوامی سطح کی رینکنگ کی طرف بڑھ رہی ہے ایسوی ایشن کے جنرل سیکریٹری انجینئر محمدارشد خان نے بتایا کہ علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پہلی گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 640سے زائد ڈپلوماز تقسیم کئے گئے ۔ ارکیٹکچرٹیکنالوجی میں ڈپلوما کورس کا آغاز ہوچکا ہے اور جلد ہی دوسالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام متعارف کرادیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ اے آئی ٹی میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے ضمن میں بھی کافی پیش رفت ہوئی ہے ۔ مذکورہ اجلاس میں گزشتہ سال کی میٹنگ کے منٹسminutes اتفاقِ رائے سے منظور کر لئے گئے اورسالانہ اجلاس کے اختتام پر گائیڈنس سینٹر کی تشکیل کردہ میوزک سوساٹی کے طلبا نے ترانہ علیگڑھ پیش کیا ۔

ای پیپر دی نیشن