اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) گھریلو تشدد کیخلاف وسیع مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کر نے کیلئے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر)نے اقوام متحدہ کی خواتین کے ساتھ مل کر گھریلو تشدد پر پالیسی بریف لانچ کی ۔ پالیسی بریف اس بات کا تفصیلی احاطہ پیش کرتی ہے گھریلو تشدد پاکستانی شہریوں بالخصوص خواتین کو کس طرح متاثر کرتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا 90 فیصد خواتین کو گھریلو تشدد کا سامنا ہے لیکن 50 فیصد تشدد کی اطلاع نہیں دیتیں۔ غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کی وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا گھریلو تشدد کبھی بھی ان کے لیے فیشن کا موضوع نہیں رہا بلکہ یہ ایک حقیقت ہے اور پاکستان میں بہت سی خواتین کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا وہ گھریلو تشدد سے بچ جانے والی خاتون کے درد کا تصور کر سکتی ہیں کیونکہ وہ خود بھی ان میں سے ایک ہیں۔