جامعہ کراچی میں ایک تنظیم نے ہولی منانے سے روک دیا‘ طلباء پر تشدد

Mar 08, 2023


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) جامعہ کراچی میں ایک طلبہ تنظیم نے طلبہ کو ہولی منانے سے روک دیا۔ ہندو طلبہ نے گزشتہ روز جامعہ کراچی میں ہولی منانے کا اعلان کیا تھا تاہم ایک طالبہ نے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ میں ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہوں اور سندھی ڈیپارٹمنٹ میں پڑھتی ہوں۔ طالبہ کا کہنا تھاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے لڑکے آئے اور ہمیں ہولی منانے سے روکا، ان لڑکوں نے ہمیں اور دیگر طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی نے واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور کہاکہ جامعہ میں طلبہ پر تشدد سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں، تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ نے کہا کہ قوم پرست تنظیم شرپسند بیبنیاد پروپیگنڈے سے مذہبی منافرت کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ جبکہ وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے ہدایت کی ہے کہ وائس چانسلر جامعہ کراچی ہولی منانے سے روکنے کے واقعہ کی تحقیقات کریں۔ یونیورسٹی انتظامیہ انکوائری کر کے مفصل رپورٹ پیش کرے۔ ہندو طلباء جامعہ کراچی میں اپنا تہوار منا سکتے ہیں، کوئی روک نہیں سکتا۔ 

مزیدخبریں