ٹیکسیشن نظام سے کرپشن ختم کر کے ٹیکس آمدن ڈبل کرسکتے ہیں،عامر قدیر


لاہور(کامرس رپورٹر ) ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا کہ ٹیکسیشن نظام سے کرپشن ختم کر کے اورپروفیشنلز کی خدمات حاصل کرکے ٹیکس آمدن کو دوگنا کیا جا سکتاہے،ایف بی آر کی جانب سے جاری کئے گئے غیر قانونی نوٹسز کا احتساب کیا جائے جس سے عوام کا اعتماد بحال ہوگا ۔ایف بی آر کے افسران اسیسمنٹ ،آڈٹ آرڈرز،نوٹسز اورکمپلائنس آنکھیں بند کرکے کرتے ہیں جس سے خوف و ہراس پھیلتا ہے۔ان خیالات کا ظہار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے ’’ موجودہ معاشی بحران ‘‘کی صورتحال پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 اس موقع پر ٹیکس ماہرین اور کنسلٹنٹس بیرسٹر اسلم شیخ،سلیم محمود،ندیم چودھری، افتخار چودھری ،شعیب بٹ،بابر نیاز،ثمر تارڈ،اقبال شیخ،اقبال وٹو،ناصر رمضان چودھری ،مکرم فاروق شیخ ، عائشہ چودھری ،الطاف سیال اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ سیکشن 5A،122 ،122A،،سیلز ٹیکس کے سیکشن 11.25کا 99فیصد غلط استعمال ہوتا ہے یہی وجہ ہے اربوں روپے کے کیسز عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جس دانشمندی سے غیر ملکی قرضے لیے جاتے ہیں اس سے کم سے ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنے پر استعمال کی جائے تو پاکستان کی نہ صرف ٹیکس آمدن بہتر ہو سکتی ہے بلکہ ہمیں قرضے لینے کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت 6ارب ڈالر کے عوض ملکی معیشت کی رگوں سے تمام خون نچوڑ چکی ہے ،رہی سہی کسر ایف بی آر کے افسران کے من پسند فیصلوں نے پوری کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے ایف بی آر کے غلط،غیر قانونی اسیسمنٹ آرڈر زکا آج سے ہی احتساب شروع کیا جائے جس سے یقینی طور پر ٹیکس آمدن دو گنا ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن