ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کے کلینک کی رجسٹریشن میں بے تحاشہ اضافہ ظلم ہے، رائو غلام مصطفی


لاہور ( نیوز رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن کی جانب سے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کے کلینک کی رجسٹریشن اینڈ لائسنس فیس میں بے تحاشہ اضافہ ظالمانہ اقدام ہے جس کی وجہ سے ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل کونسل برائے ہومیو پیتھی گورنمنٹ آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر رائو غلام مرتضیٰ نے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چیئرمین پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن کو تحریری لیٹر ارسال کر دیا جس میں کہا ہے کہ رجسٹریشن اینڈ لائسنس کی فیسوں میں حالیہ  اضافہ یکطرفہ کر دیا گیا جس میں کونسل سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی جسکی وجہ سے ہومیو پریکٹشنرز میں اضطراب اور بے چینی کی لہر دوڑ گئی ۔ہومیو پریکٹیشنرز دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کو علاج معالجہ کی سستی  ترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور پی ایچ سی کے ظلم کی وجہ سے غریب نادار مریض ان سہولتوں سے محروم ہو جائیں گے ۔انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہومیو پریکٹیشنرز کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ۔اگر PHCنے رجسٹریشن اینڈ لائسنس کی فیسوں میں اضافہ واپس نہیں لیا تو مریض سستی سہولیات سے محروم ہو جائیں گے ۔

ای پیپر دی نیشن