لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں صدر اور اقبال ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے دو الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ دونوں ڈویژن کے تمام تھانوں کے کرائم کنٹرول اور زیر تفتیش مقدمات کی تکمیل بارے مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا‘ مقدمات کی تفتیش بروقت مکمل کرنے اور چالاننگ کی شرح بہتر بنانے میں ناکامی پر انچارجز انویسٹی گیشن کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ منشیات فروشی، قمار بازی اور قحبہ خانوں سمیت آرگنائزڈ کرائم کروانے میں ملوث کالی بھیڑوں کی خفیہ مانیٹرنگ کروائی جا رہی ہے،آرگنائزڈ کرائم کی سرپرستی پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔سی سی پی او نے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشن کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی اور کہا کہ ڈیڈ لائن گذرنے کے بعد بھی مطلوبہ ٹارگٹس مکمل نہ کرنے کی صورت میں سزا کیلئے تیار رہیں۔ ایس پیز متعلقہ تھانیداروں سے باقاعدگی سے میٹنگ کریں اور کارکردگی بارے ماہانہ رپورٹ بنائیں۔ قبلہ درست نہ کرنے والے نااہل افسران کو تنزلی اور ضلع بدری سمیت مثالی سزائیں دیں گے۔