اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان اور بیلاروس کی حکومتوں کے درمیان زرعی تعاون پر مشترکہ ورکنگ گروپ کا چھٹا اجلاس منگل کو ہوا۔ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس تمام شعبوں بالخصوص زرعی شعبے میں شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ اور مشترکہ وزارتی کمیشن کا قیام تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے زراعت کے شعبے میں تعاون کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کی یادداشتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات دونوں فریقین کو فصلوں کی پیداوار، فوڈ پروسیسنگ، بیج کی پیداوار اور آبپاشی انتظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہونگے۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بیلاروس نے زرعی مشینری کی پیداوار میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پاکستان بیلاروس کی مہارت سے ٹریکٹروں کی تیاری، جدید ذبح خانوں کے قیام، مویشیوں کی نسلوں کی بہتری، دودھ پراسیسنگ یونٹس کی تنصیب جیسے شعبوں میں فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ بیلاروس جمہوریہ کے زراعت اور خوراک کے نائب وزیر وادیم شگوئیکو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.4 فیصد اضافہ ہوا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تجارتی حجم میں اضافہ جاری رہے گا۔ پاکستانی فریق نے ملاقات میں دودھ کی پروسیسنگ اور ڈیری پروڈکشن کی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ جمہوریہ بیلاروس بین الاقوامی تجارتی میلے پرد نمائش کرے گا، جو 10-11 مارچ 2023 کو کراچی ایکسپو سنٹر میں ہوگا۔