پولیس پی ایس ایل کی سکیورٹی  پر نگران حکومت پی سی بی سے250ملین وصول  کرے: ہائیکورٹ

Mar 08, 2023



لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی  سماعت میں  فصلوں کی باقیات کے لئے مشینری کی خریداری کے لئے فنڈز جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ مزید سماعت 10 مارچ کو ہوگی۔ عدالت نے حکم دیا کہ نگران حکومت پی سی بی سے اخراجات کی مد میں 250 ملین رقم وصول کرے۔ عدالت نے شہر میں درختوں کی کٹائی پر پابندی برقرار رکھی۔ ممبران ماحولیاتی کمشن حناء  حفیظ اللہ اسحاق اور سید کمال حیدر نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد بارے رپورٹ پیش کی۔ چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی سمیت دیگر افسروں کی جانب سے بھی رپورٹ  پیش کی گئی۔  عدالت نے لیسکو کی رپورٹ کو تسلی بخش قرار دے دیا۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نے کہا کہ عدالت اگر فصلوں کی باقیات کے لئے 100 سپرسیڈر خریدنے کا حکم دے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے کہا کہ  فوری آرڈر کر دیتا ہوں، اس پر سمری بھجوا کر منظور کرالیں۔ ممبران ماحولیاتی کمشن نے پی ایس ایل میچوں کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے کہا کہ پی سی بی منافع کما رہا ہے جبکہ اخراجات عوام کے ٹیکس سے ہورہے ہیں۔ پنجاب حکومت پی سی بی سے ہونے والے اخراجات کے 250 ملین کی رقم موصول کرے۔ اس وقت پنجاب بھر کی پولیس  پی ایس ایل کے میچز کی سکیورٹی پر لگی ہوئی ہے۔  سارے کام رکے ہوئے ہیں  جس سے عوام پریشان ہیں۔ پی سی بی میچز کی وجہ سے مال روڈ کا گرین بیلٹ تباہ ہوگیا ہے۔ پی ایچ اے پی ایس ایل میچز ختم ہونے کے بعد پی سی بی سے گرین بیلٹس کے پودے لگوائے۔

مزیدخبریں