لاہور (خبر نگار) لاہور کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے ارکان کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 22 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سلمان شہباز اور ہارون یوسف کے سپلیمنٹری ریفرنس سے متعلق نیب سے رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت نمبر 9 کے جج قمرالزمان نے کیس کی سماعت کی۔ محمد شہباز شریف کی جگہ پیشی کیلئے ان کے پلیڈر انوار حسین پیش ہوئے۔ احتساب عدالت نے محمد شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنی دے رکھا ہے جبکہ حمزہ شہباز کی طرف ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جس میں بتایا گیا کہ حمزہ شہباز بیٹی کے علاج کیلئے ملک سے باہر ہیں۔ عدالت نے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے تفتیشی افسر کی جانب سے شریک ملزمان کے خلاف سپلیمنٹری رپورٹ کیلئے مہلت طلب کی گئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین نیب کی نئی تقرری ہوئی ہے۔ رپورٹ کی منظوری کیلئے مہلت دی جائے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سلمان شہباز اور ہارون یوسف سمیت دیگر نئے ملزمان کا کردار ابھی واضح نہیں ہوا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سلمان شہباز کی عبوری درخواست ضمانت پر حتمی دلائل طلب کر لئے۔