مساوی مواقع فراہم کرکے خواتین کو با اختیار بنایا جائے: بیگم ثمینہ علوی 

Mar 08, 2023


اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو مساوی حقوق کی فراہمی اور خاص طور پر تعلیم اور صحت کی سہولیات تک ان کی رسائی بڑھانا معاشرے کی ترقی کے لئے اہم ہے۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سابق سفیر نائلہ چوہان کی پینٹنگ کی نمائش کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ علوی نے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے پر زور دیا تاکہ انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملے۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ’آرٹ فرام دی ہارٹ‘ کے عنوان سے سولو نمائش میں خواتین کی جدوجہد کی عکاسی کی گئی ہے ۔ ثمینہ علوی نے خواتین سے متعلق صحت کے مسائل بشمول چھاتی کے کینسر اور دماغی امراض کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ چھاتی کا کینسر خواتین میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اس کے علاوہ، ملک کی 24 فیصد آبادی کو مختلف نوعیت کے نفسیاتی مسائل کا سامنا ہے، جن کی اکثریت خواتین پر مشتمل ہے۔اس موقع پر سابق سفیر نائلہ چوہان نے کہا کہ ان کی پینٹنگز سماجی اور خواتین کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کا ذریعہ ہیں۔ 
 بیگم ثمینہ علوی 

مزیدخبریں