اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے مہنگائی کے ستائے غریب عوام کے لئے بڑا رمضان پیکج تیار کیا ہے جس کے تحت غریب گھرانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب میں رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ پہلی دفعہ غریب گھرانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا پیکج ہے جو وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں غریب ترین لوگوں کو خصوصی رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے غریب گھرانوں کو رمضان پیکج کے تحت آٹے کی فراہمی پر جامع حکمت عملی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب ماڈل کی طرز پر ملک بھر میں رمضان پیکج کی غریب عوام کو فراہمی کے لئے وفاق صوبوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے رمضان پیکج کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کے علاوہ سیکرٹری فوڈ اور دیگر اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر بالخصوص پاکستانی ہندو برادری کو ہولی کی مبارک باد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہولی کا تہوار سب کیلئے امن اور خوشیاں لائے۔
مفت آٹا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تباہ کرنے والا آج سیاسی عدم استحکام کے ذریعے اس کی بحالی روکنے کی سازشیں کررہا ہے۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو عدالت کے بلانے پر بھی نہیں آتا، عدالت کے ساتھ وہ کر رہا ہے جو اس نے آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ کیا، عدالت کے ساتھ وہ کر رہا ہے جو قومی مفادات، پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عدالت کے ساتھ وہ کر رہا ہے جو اس نے آئین، پارلیمنٹ، اداروں، میڈیا کے ساتھ کیا، عدالت کے ساتھ وہی کر رہا ہے جو مہنگائی کی صورت میں عوام کے ساتھ کیا۔ دوسری طرف وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیراعظم نے بی ایم جی ایف کی جانب سے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں خاص طور پر ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور ان کی ٹیم کی ان تھک کوششوں سے بل گیٹس کو آگاہ کرتے ہوئے انکی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے تعاون کے تمام جاری شعبوں میں فائونڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2022 سے پولیو کیسز میں وقفہ آیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت کے زیرقیادت دیگر پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت خصوصی ایمرجنسی ریسپانس پلان کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے اور اس کی موافقت جاری رکھے گی۔ بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پولیو کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے اپنی فائونڈیشن کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ جبکہ ایک ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے رمضان پیکج کو حتمی شکل دے دی ہے، وفاقی حکومت دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر مہنگائی سے متاثرہ لوگوں کے فائدے کے لیے اسی طرح کی سکیمیں شروع کرے گی۔ مزید براں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو ان کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ خواتین کے عالمی دن 8 مارچ، 2023 ء کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر خواتین کے معاشرے میں کلیدی کردار کو پہچاننے اور انسانی تہذیب کے ارتقا میں ان کی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔ ہمارے دینِ اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیئے۔ اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے۔ وزیر اعظم یوتھ لون سکیم پروگرام میں 25 فی صد کوٹہ خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار، ان کے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ آج کے دن کی نسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔ آپ ملک و قوم کا فخر ہیں۔
وزیراعظم
پنجاب رمضان میں غریبوں کیلئے مفت آٹا
Mar 08, 2023