وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان حکومت کی مالی مشکلات دور کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سےگلگت بلتستان حکومت کی مدد کی درخواست تسلیم کر لی گئی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کیلئے اڑھائی ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دیدی اور صوبے کو مارچ اپریل کے لئے 26,666 میٹرک ٹن گندم کے فوری اجراء کا حکم بھی دے دیا۔وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کی ضروریات کو فوری پورا کرنے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قیمتوں میں تبدیلی کے لئے جامع منصوبہ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ دس روز میں ای سی سی کو بھجوایا جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی مشیر وزیر اعظم برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ سے ملاقات ہوئی تھی. جس میں گلگت بلتستان کے انتظامی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی تھی۔اس موقع پر شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے حل طلب مسائل فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کریں گے۔