اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں سکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6/7 مارچ کی درمیانی رات دو علیحدہ کارروائیوں میں دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ایک خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی خیبر ضلع میں کی گئی۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد گروہ کے لیڈر ‘‘شمروز عرف شینے’’ کو جہنم واصل کر دیا۔سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کی جہاں دہشت گرد ‘‘منصور’’ مارا گیا۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں کے ساتھ معصوم شہریوں سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے لکی مروت کے علاقے درہ پیزو کے بازار میں موٹرسائیکل سوار ٹریفک اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بتایا شہید اہلکار کی نعش اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لکی مروت: پولیس اہلکار شہید: ضلع خیبر/ ڈی آئی خان، سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشتگرد ہلاک
Mar 08, 2024