اسلام آباد ( عترت جعفری) پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادیوں نے ہفتہ کو ملک کی صدارتی انتخابات کے لیے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی، وزیراعظم میاں شہباز شریف کی میزبانی میں ہونے والا عشائیہ میں صدارتی انتخاب کابینہ کی تشکیل اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے اس مشاورت میں معاشی چیلنجز کو بڑا قرار دیا گیا، ان پر فوری توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق پایا گیا، اپوزیشن کی طرف سے جارحانہ طرز عمل پر بات ہوئی اور پیپلز پارٹی نے اپنی طرف سے ایشوز پر میاں شہباز شریف کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، بلاول بھٹو زرداری آج اتحادی جماعتوں کے ارکان کو ڈنر دیں گے، ذرا ئع نے بتایا ہے کہ ن لیگ پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے تمام سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی اسلام آباد میں موجود ہیں، پشاور ہائیکورٹ کے اسٹے کی وجہ سے نئی نشستوں والے ارکان قومی اسمبلی حلف نہیں اٹھا سکے اس لیے وہ ووٹ میں شامل نہیں ہوں گے تا ہم اس کے باوجود اتحادی جماعتوں کے امیدوار آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی اور سینٹ دونوں میں واضح اکثریت حاصل ہے، پنجاب سندھ اور بلوچستان سے بھی ان کی جیت یقینی ہے، کے پی کے سے ان کے ووٹوں کی تعداد کم ہوگی، ذر ئع نے بتایا ہے مشاورت کے بعد اب واضح ہو گیا ہے کابینہ کا اعلان صدارتی الیکشن کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہو سکے گا ۔ نئے صدر ہی کابینہ کے ارکان سے حلف لیں گے، اس بات کی تصدیق سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک میڈیا ٹاک میں کی ہے جس میں انہوں نے کہا اب امکان ہے کابینہ کا اعلان صدر کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔