لاہور (لیڈی رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد عوام الناس کو خواتین کی خدمات، مسائل اور حقوق سے آگاہ کرنا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے حکومتوں اور انسانی وخواتین کے حقوق کی تنظیموںکے زیراہتمام تقریبات، کانفرنسیں، ریلیاں، سیمینار اور مذاکرے منعقد ہوں گے جن میں خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم، تشدد، غیرمساوی سلوک، مردانہ تعصبات سمیت تمام مسائل اور ناانصافیوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ اس حوالے سے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام تقریب آج منعقد ہوگی جس میں وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔ گزشتہ روز اس حوالے سے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل سیکرٹری رضوانہ بھٹی، ڈپٹی سیکرٹری عبید زکریا، نجیب احمد اور متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔ سمیرا صمد نے کہاکہ پنجاب میں ویمن ایمپاورمنٹ کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے بے حد پرعزم ہیں۔ اس موقع پر سرکاری عمارتوں کو جامنی رنگ کی روشنیوں سے منور کیا جائے گا۔