لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے تمام وزراء خصوصی طور پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیر رمیش سنگھ اروڑا کو وزرات کا قلم دان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ کابینہ نے رمضان نگہبان ریلیف پیکیج 2024 ء کی منظوری دی۔ اس پروگرام کے تحت 65لاکھ سے زائد ریلیف پیکیج مستحق خاندانوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے اور مجموعی طورپر سواتین کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ رمضان نگہبان ریلیف ہیمپر میں 10کلو آٹا، 2کلو چاول، 2کلو چینی، 2کلو گھی اور 2کلو بیسن شامل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اشیاء خوردونوش کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹاسک دیا۔ مریم نواز شریف نے اربن یونٹ اور سپیشل برانچ کی ٹیموں کو فیلڈ سروے کرکے رمضان نگہبان ہیمپرز کی ترسیل پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے صوبائی وزراء کو رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان المبارک میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باقاعدہ تربیت دی جائے۔ کابینہ نے ضلعی سطح پر سستے رمضان بازار لگانے کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء کو عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لئے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ دن رات محنت کرنے اور رمضان نگہبان پروگرام کی موثر مانٹیرنگ کے لئے صوبائی وزراء پر مشتمل سپیشل کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011ء کے تحت وزراء کو کابینہ کی کارروائی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ، کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ہائر ایجوکیشن سکالرشپ اور آئی پیڈ سکیم کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نوازشریف نے پیف کی نامکمل بریفنگ پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا اور پیف سکالرشپ کا جامع پلان طلب کر لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکالرشپ سکیم کا از سرنو جائزہ لے کر مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آئی پیڈ اور لیپ ٹاپ سکیم کے لئے سٹوڈنٹ سروے کرانے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ کی ضرورت کا تعین کرکے آئی پیڈ اور لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کریں گے۔ لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ سکیم میں طلبہ کا فیڈ بیک بہت ضروری ہے۔ شعبہ تعلیم کو بے مقصد اور بے سمت نہیں ہونا چاہیے۔ مریم نوازشریف سے اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی کو گلے لگایا اور تھپکی دی۔ اے ایس پی شہر بانو نے اچھرہ واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اچھرہ واقعہ میں جرات کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس پی شہر بانو نقوی کو سراہا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ خوشی ہے اے ایس پی شہر بانو نے نوجوان افسروں کے لئے بہادری اور جرات کی مثال قائم کی ہے۔ جلد تحفظ مرکز اور میثاق سینٹر کا دورہ کروں گی۔ مریم نواز شریف صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس کے فوراً بعد سرگودھا پہنچ گئیں۔ فیصل آباد روڈ پر سرگودھا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا۔ مریم نواز شریف نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سرگودھا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سائٹ سے سرگودھا ماڈل پولیس سٹیشن پہنچ گئیں اور دورہ کیا۔ کمشنر آفس میں سرگودھا ڈویژن کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سرگودھا کا اچانک دورہ کیا اور وارڈز کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی آمد کی اطلاع ملتے ہی خواتین سمیت سینکڑوں شہری ہسپتال پہنچ گئے۔ خواتین کو دیکھ کر وزیراعلی رک گئیں اور ان سے باری باری مصافحہ کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہسپتال کی تعمیر کے لئے عوام کی آمدورفت میں آسانی کو مد نظر رکھا جائے۔ سرگودھا ڈی ایچ کیو ہسپتال کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا صدر پولیس سٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صدر پولیس سٹیشن میں فرنٹ ڈیسک اور دیگر حصے دیکھے اور حوالات کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وکٹم سپورٹ سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں موجود خاتون سے بات چیت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے خاتون کی طرف سے تعاون کا بتانے پر خاتون پولیس افسر کو سراہا۔ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ہر کسی کی بات سننی ہے اور مظلوم کا ساتھ ضرور دیں۔ کمشنر سرگودھا نے میگا پراجیکٹس اور زیر تکمیل منصوبوں کے بارے میں بریفننگ دی۔ وزیراعلی کو سرگودھا ڈویژن میں رمضان نگہبان پیکیج، رمضان بازار اور صفائی مہم سے آگاہ کیا گیا۔ ارکان اسمبلی کی شکایت پر واٹر فلٹریشن پلانٹ فوری بحال کرنے کی ہدایت کی اور سٹریٹ لائٹس فنکشنل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے مہنگائی کے سدباب کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ٹریننگ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لینڈ فل سائٹس آؤٹ سورس کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ہر عوامی نمائندہ عوام تک خود پہنچے اور رابطوں کو بہتر بنائے۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات کے بعد وزیراعلی اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچ گئیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی آمد کی اطلاع ملتے ہی آن کی آن میں خواتین سمیت سینکڑوں شہری ہسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف ہسپتال کے دروازے سے ہجوم کی طرف لوٹ آئیں اور خواتین سے مصافحہ کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سب خواتین سے خیریت دریافت کی۔ خواتین نے وزیراعلی کو دیکھ کر ’’تیری آواز میری آواز، مریم نواز مریم نواز‘‘ کے نعرے لگائے۔ مریم نواز شریف نے بزرگ مریض سے گفتگو کرتے ہوئے تسلی دی اور کہا کہ ’’تسی جلدی ٹھیک ہو جاؤ گے‘‘۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز سرگودھا سے واپسی پر ہیلپ کا بورڈ اٹھائے دو نوجوانوں کو دیکھ کر رک گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گاڑی رکوائی اور ٹرن لیکر واپس پہنچ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نوجوان کی خیر یت دریافت کی۔ نوجوان وزیر اعلیٰ مریم نواز کو غیر متوقع طور پردیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔ نوجوان نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میں مسلم لیگ کا والنٹیئر ہوں، اپنی لیڈر کے انتظار میں صبح سے کھڑا ہوں۔ ہم بس کہنا چاہتے ہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) زندہ باد۔ نوجوان نے انوکھی فرمائش کی کہ گھڑی چور کو بس اب جیل میں ہی رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کولڈ ڈرنک پلانے کی پیشکش پر ورکروں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سرگودھا میں بااثر شخص کے ظلم کا نشانہ بننے والی معصوم بچی کے والد، والدہ اور بہن سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے ملتے ہوئے دکھیاری ماں پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی۔ متاثرہ بچی کی ماں نے وزیراعلی مریم نواز کو بتایا کہ میری بچی روتی ترستی چلی گئی، ظالموں نے ملنے نہیں دیا۔ عائشہ سب کا خیال رکھتی، قرض اتارنے کے لئے نوکری کرتی تھی۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ماں ہوں، آپ کا دکھ سمجھتی ہوں۔ مریم نواز نے مظلوم خاندان کو دلاسہ دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر صہیب بھرت کو متاثرہ خاندان سے رابطہ رکھنے اور مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
کابینہ نے رمضان نگہبان پیکج کی منظوری دیدی، دورہ سرگودھا، ہر نمائندہ عوام تک پہنچے: مریم نواز
Mar 08, 2024