خانقاہ ڈوگراں (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ہوائی فائرنگ نے خوشی والا گھر ماتم کدے میں بدل دیا۔ عقیقہ کے فنکشن میں آئے مہمان کی پسٹل سے ہوائی فائرنگ نے 8 سالہ معصوم غلام حسن کی جان لے لی۔ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خانقاہ ڈوگراں میں محلہ نواب پورا میں فلک شیر نامی شہری کے بیٹے کا عقیقہ کا پروگرام تھا جہاں فیصل آباد کی رہائشی خاتون حلیمہ بی بی بھی اپنے بچوں کے ہمراہ شریک تھی۔ حلیمہ کے بھانجے شہر یار نے اچانک پسٹل سے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر حلمیہ کا 8 سالا بیٹا غلام حسن شدید زخمی ہو گیا۔ جسے ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد دیکر مقامی ہسپتال پہنچایا۔ غلام حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔