مظفرآباد(نامہ نگار )پاک فوج اور حکومت آزاد کشمیر کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والی نیشنل ورکشاپ کشمیر اختتام پذیر ہو گئی۔ چار روز تک جاری رہنے والی ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں کمانڈر راولپنڈی کور نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ میں سول اور فوجی حکام نے شرکا کو مختلف موضوعات پر بریفنگ دی۔کور کمانڈر نے شرکا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تحریک آزادی کشمیر بھارتی آئین و قوانین کی محتاج نہیں اور کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خود کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ دور حاضر میں جہاں سوشل میڈیا کی بدولت معلومات تک رسائی بہت آسان ہو چکی ہے وہاں درست معلومات تک رسائی خاصی مشکل ہے کیونکہ جھوٹ کو سچ بنا کر پیش کر دیا جاتا ہے اور ذہنوں میں ابہام اور انتشار پیدا کیا جا رہا ہے۔ کور کمانڈر نے حاضرین پر واضح کیا دو قومی نظریہ جس کے تحت پاکستان وجود میں آیا اس کا بنیادی مقصد مسلمانانِ ہند کو ایک ایسی ریاست فراہم کرنا تھا جس میں وہ اپنی زندگی اسلامی اصولوں اور اقدار کے مطابق گزار سکیں۔