اسلام آباد(خبرنگار)خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کا نمایاں کردار رہا ہے اور ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خواتین نے ثابت کیا ہے کہ ملکی ترقی میں مردوں سے وہ کسی بھی شعبہ میں کم نہیں ہیں۔ خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ ہمیں خواتین کو شعبہ ہائے زندگی میں ایسا ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس کی بدولت انہیں بڑھنے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دین اسلام میں خواتین کو وہ عزت واحترام دیا گیا ہے جن کی وہ حقدار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایک عورت ماں، بیٹی، بہن، بیوی ہر روپ میں اہم مقام رکھتی ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہر میدان کھیل سے لے کر سیاست، تعلیم، قانون سازی اوردفاع سمیت ہر شعبے میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ بلکہ ان سے ایک قد م آگے نظر آتی ہیں۔ پاکستان میں خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے کیے گئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں اہم قانون سازی خواتین کی جانب سے متعارف کرائی گئی اور خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے موثر قانون سازی عمل میں لائی گئی جس کی بدولت پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں میں خواتین کی نمائندگی میں بھر پور اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی قوم خواتین کے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتی اور ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز بھی یہی ہے کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کا نمایاں کردار رہا ، صادق سنجرانی
Mar 08, 2024