لاہور (خصوصی نامہ نگار+ لیڈی رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ معلق نہیں، ہمارے پاس دو تہائی ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ ملک میں سیاسی استحکام قائم کرنا ضروری ہے، اگر عدم استحکام رہے گا تو مسائل بڑھیں گے۔ ملک محمد احمد خان نے پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل میں کتاب کلچر کو فروغ دینے سے معاشرے میں رواداری بڑھے گی اور جہالت کا خاتمہ ہو گا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ کتاب پڑھے بغیر معاشرے میں بگاڑ، گالی و بہتان کا کلچر بڑھاہے، جس نے مجھے بھی خوفزدہ کر دیا ہے۔ اس وقت ڈائیلاگ اور مکالمے کی معاشرے میں شدید ضرورت ہے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اس وقت دو قسم کی سیاسی تقسیم ہے، ایک تقسیم بیانیہ ومفاہمت ہے اور دوسری طرف گمراہی کھڑی ہے جس کا مقصد جلاو¿ گھیراو¿ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل وقفے بعد پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلے کا افتتاح کرکے خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میلے کے دوبارہ انعقاد پر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پنجاب یونیورسٹی کتاب میلے میں مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ موجودہ دور نالج اکانومی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقی یافتہ قومیں کتاب سے جڑی ہیں۔ خود مختار قوموں کی لائبریریاں سب سے بڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم میں تقسیم روکنے کے لئے کتاب کلچر کو پروان چڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام تین روزہ کتاب میلے میں پبلشرز سے کم فیس لی تاکہ کتابوں پر زیادہ رعایت مل سکے۔ کتاب میلے میں 140 سے زائد قومی و بین الاقوامی پبلشرز نے اپنے سٹالز لگائے ہوئے ہیں۔ کتاب میلہ 9 مارچ تک صبح 9 سے شام 8 بجے تک جاری رہے گا۔
پارلیمنٹ معلق نہیں، دو تہائی ارکان کی حمایت حاصل ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی
Mar 08, 2024