آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نےبلوچستان کے ضلع آواران کا دورہ کیا اور کہا کہ عوام کیساتھ مل کر امن اور خوشحالی کا سفرجاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع آواران کا دورہ کیا،آرمی چیف کو دورے کے موقع پرسکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران شہداء کے اہل خانہ، مقامی عمائدین اور کسانوں سے بات چیت بھی کی، آرمی چیف کو پاک فوج کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پاک فوج کی صوبہ میں سماجی، اقتصادی اور زرعی ترقی کے حوالے سے کی گئی کارروائیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اس موقع پر عمائدین اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے زراعت کی اہمیت اور گرین پاکستان انیشیٹو کیلئے فوج کے عزم پر زور دیا، آرمی چیف نے شہدا کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہدا کو خراج عقیدت، سکیورٹی اور بھلائی میں فوج ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، زراعت ملکی ترقی میں اہمیت رکھتی ہے، پاک فوج گرین پاکستان انیشیٹو میں تعاون جاری رکھے گی۔آرمی چیف نے کہا ہے کہ کسانوں کو زرعی سہولیات، آسان شرائط پر قرض، بیج، کھاد فراہم کی جائے گی، کسانوں کو سولر ٹیوب ویلز اور زرعی ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، کسانوں کو ملکی ترقی میں شراکت دار بنانے اور کاشتکاری کے لیے رہنمائی بھی دی جائے گی۔جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ترقی اور امداد کا عمل جاری رکھے گی جبکہ آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کے لیے ایک اور کیڈٹ کالج بنانے کو بھی سراہا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کیڈٹ کالج آواران کا افتتاح بھی کیا اور کالج کے اساتذہ اور طلبا سے بھی ملے۔