ملک کو قرض کے دلدل سے نکالنے کیلئے پسند نا پسند کو دفن کرکے مل بیٹھنا ہوگا: وزیراعظم

Mar 08, 2024 | 12:42

 وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا ہےکہ ہمیں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے اس لیے ذاتیات سے ہٹ کر پسند ناپسند کو دفن کرنا ہے اور  پاکستان کی خاطر مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہبازشریف مظفرآباد کے دورے پر پہنچے جہاں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق سے ان کی ملاقات ہوئی، چوہدری انوار نے شہباز شریف کو وزیراعظم  کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات میں شہباز شریف نے انہیں پاکستان کی غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جد وجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ رہیں گے۔علاوہ ازیں بارش اور برف باری کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ سے یہاں اظہار تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں،آپ کے ساتھ حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومت کھڑی ہے، جب تک آپ کے گھر دوبارہ بحال نہیں ہوجاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعظم  نے کہا کہ طوفانی بارشوں سے جو مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے انہیں 7 لاکھ اور جو جزوی تباہ ہوئے انہیں ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کررہا ہوں کہ جہاں ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہو استعمال کریں، جہاں وزیراعظم آزاد کشمیر کہیں وہاں ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جائے، جموں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہمارے بھائی بہن مشکل کی اس گھڑی میں اپنے آپ کو اکیلے نہیں پائیں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ٹیکس چور مافیا پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے، اب وقت آگیا ہم ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، اس کا فائدہ عام آدمی کو ہوگا، آج پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہی ہے، ہم نے دن رات محنت کرنی ہے، ذاتیات سے ہٹ کر پسند ناپسند کو دفن کرنا ہے، پاکستان کی خاطر مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ معاشی صورتحال کا ہر روز جائزہ لیا، صرف پی آئی اے کا ہر سال نقصان ساڑھے 8 ارب روپے ہے، ہمیں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے۔

مزیدخبریں