ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو اختیارات کی مزید نچلی سطح پر منتقلی پر قائل کر لیا۔خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اختیارات کی منتقلی پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار نے بلاول بھٹو کے سامنے بلدیاتی نمائندوں کو مزید اختیارات دینے کی بات کی۔ذرائع کے مطابق فاروق ستار نے بلاول بھٹو زرداری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا وہ نچلی سطح تک اختیارات کو منتقل کریں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو زرداری کو اختیارات کی مزید نچلی سطح پر منتقلی پر قائل کر لیا۔ذرائع کا بتانا ہے بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پارٹی کے سامنے اختیارات کی مزید نچلی سطح پر منتقلی کا معاملہ رکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے سامنے کے فور سمیت کراچی کیلئے بڑے منصوبوں سے متعلق اپنی کاوشوں کا ذکر کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان نے صدارتی الیکشن میں آصف علی زرداری کو ووٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔