نئی دہلی میں امریکہ اور بھارت کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان کوممبئی حملوں پرمزید اقدامات اوراس میں ملوث ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حافظ سعید ممبئی حملوں کے منصوبہ ساز ہیں اور ان کے سر کی قیمت مقرر کرنا امریکہ کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے، ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دہشت گردی پر امریکہ کو تشویش ہے اور امریکہ بھارت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کو ہر ممکن حد تک بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ ابھی بھی پاکستان میں موجود ہیں اور امریکہ، افغانستان اوراس کے اتحادیوں کے لئے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کا پیچھا کیاجائے گا۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کو یقین دلانا ہوگا کہ ان کی سرزمین دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہورہی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے دباؤ ڈالے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی کرے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرے۔