لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ قوم کی کشتی ہر سونامی سے بچا کر پار لگائیں گے۔ نیا پاکستان تقریروں اور شعلہ بیانیوں سے تعمیر نہیں ہوسکتا۔ قوم 11 مئی کو ہوائی قلعے تعمیر کرنے والوں کو ووٹ دینے کی غلطی نہ کرے۔ پاکستان کو تعلیم یافتہ اور خوشحال بنانا مسلم لیگ ن کی قیادت نے اپنی زندگی کا مشن اور جنون بنا رکھا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بسطامی روڈ اور لوہاری گیٹ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کو مداریوں، کھلاڑیوں اور اناڑیوں سے بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ زرداری کا سازشی ذہن مسلم لیگ ن کے ووٹ تقسیم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جسے ہماری پارٹی کیلئے ملک کے طول و عرض میں موجود عوامی حمایت ناکام بنا دے گی۔