پنجاب میں انتخابات کا سکیورٹی پلان منظور‘ پولنگ سٹیشنوں میں موبائل فون لے جانے پر پابندی

May 08, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب کی نگران کابینہ نے انتخابات کے شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں کئے گئے انتظامات اور مربوط سکیورٹی پلان کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب کی نگران کابینہ نے صوبے کے عوام کو تفریحی سہولیات کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کیلئے تفریحی ٹیکس میں کمی اور سرکس کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو اپ گریڈ کرکے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے اور واسا کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے شارٹ ٹرم پلان کی بھی منظوری دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ کے اجلاس میں پنجاب فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ2013، نور انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور ایکٹ 2013، پنجاب سینئر سٹیزن ویلفیئر آرڈیننس 2013 اور ریسٹورنٹس سے جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا کہ عام انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صوبے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈی سی اوز کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ملکی اور غیرملکی میڈیا کے نمائندوں کو کوریج کی ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر انتخابی عملے، بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی میٹریل کو بحفاظت پولنگ سٹیشن تک پہنچانے کے لئے پلان مرتب کرلیاگیاہے۔ پولنگ سٹیشن کے اندر ووٹرز کوموبائل فون لےجانے کی مکمل ممانعت ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ کسی کو بھی انتخابی عمل میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پولنگ سٹیشنز پر پرامن ماحول کو یقینی بنایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی سطح پر پنجاب الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ڈویژن اور ضلع کی سطح پر متعلقہ افسروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سیاسی رہنماﺅں کی سکیورٹی یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ 11مئی کو پولنگ سٹیشنز پر جنریٹر، ایمرجنسی لائٹس اور گیس لیمپس کے انتظامات کئے جائیں تاکہ لوڈشیڈنگ کی صورت میں ووٹوں کی گنتی کے عمل میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ عوام کو تفریح کی بہترین اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے تفریحی ٹیکس میں کمی کا فیصلہ کیاگیاہے جبکہ سرکس کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیاہے کیونکہ سرکس عام لوگوں کے لئے سستی تفریح فراہم کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔انہوںنے کہاکہ اطلاعات تک رسائی عوام کا حق ہے اور اس ضمن میں پنجاب فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ 2013انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کا تفصیلی جائزہ لے کرآئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بزرگ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب سینئر سٹیزن ویلفیئر آرڈیننس 2013کو حتمی شکل دینے کیلئے صوبائی وزیر سیاحت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جو بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اورانہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے سفارشات مرتب کرکے پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو اپ گریڈ کرکے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے مسودہ قانون کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ 

مزیدخبریں