کوئٹہ(ثناءنیوز)کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ نے نواب زادہ طلال اکبر بگٹی کی ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں میں انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظورکر لی ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ میں نواب زادہ طلال اکبر بگٹی نے تین روز قبل دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈیرہ بگٹی اور دیگر ملحقہ علاقوں سے آپریشن کے باعث ایک لاکھ 50 ہزار بگٹی مہاجر ہوچکے ہیں اور وہ دوسرے صوبوں میں زندگی گزاررہے ہیں وہ 11 مئی کے انتخابات میں اپنا ووٹ نہیں دے سکیں گے لہٰذا عدالت سے استدعاہے کہ مہاجرین کی واپسی تک الیکشن رکوائے جائیں۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ آپ نے درخواست 3 روز قبل دی ہے اس لئے الیکشن ملتوی نہیں کرایا جا سکتا۔ عدالت نے الیکشن کمشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ بگٹی مہاجرین کو کسی طرح لاکر ان کا ووٹ کاسٹ کرائے کیونکہ یہ انکا بنیادی حق ہے ۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ درخواست کی اگلی سماعت دو ہفتے بعد ہو گی۔
ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں میں الیکشن ملتوی کرانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور
May 08, 2013