زرداری نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا‘ مزید تجربوں کا متحمل نہیں ہو سکتا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 11 مئی بلے، تیر اور سائیکل کی اجتماعی تدفین کا دن ہو گا۔ وہ گذشتہ روز فیروزپور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں تاجروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے اہم ترین موڑ پر ہے، پچھلے پانچ سالوں میں ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے، زرداری نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، رینٹل پاور پراجیکٹس تباہی کی علامت بن چکے ہیں، بجلی کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہوا تو دو سال لگیں گے۔ 11 مئی کو عوام پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔ پاکستان میں اندھیروں کے خاتمے کیلئے پرامید ہوں۔ 11 مئی کے انتخابات اپنی نوعیت کے منفرد انتخابات ہوں گے۔ پاکستان اب تجربوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ میٹرو بس سروس سے غریب عوام مستفید ہو رہے ہےں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اندھیروں کے خاتمے کے لئے پرامید ہوں، دعا گو ہوں کہ پاکستان میں بدامنی، کرپشن، دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ ہو۔ قبل ازیں لاہور، چنیوٹ اور چکوال میں جلسوں سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی جماعت نے کرپشن کے خلاف نعرہ لگانے کے بعد پارٹی ٹکٹیں فروخت کر کے پاکستان میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ چار چار کروڑ روپے رشوت دے کر تحریک انصاف کی ٹکٹیں حاصل کرنے والے افراد اگر خدانخواستہ انتخاب میں کامیاب ہو گئے تو پاکستان کا خدا حافظ ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ گذشتہ روز عمران خان نے ٹی وی کے سامنے مسلم لیگ (ن) کے خلاف زرداری کی طرف سے اخبارات میں شائع ہونے والا اشتہار پڑھ کر سنایا ہے جس نے ایک دفعہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ایک ہی کھوٹے سکے کے دو رخ ہیں۔ زرداری نے عمران خان کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ نوازشریف کے ووٹ تقسیم کریں مگر عوام جاگ رہے ہیں اور وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے امیدواروں کی بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جنہیں مسلم لیگ (ن) نے اس لئے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ مختلف طرح کے اخلاقی جرائم میں ملوث ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن