ہنگو + لوئر دیر + تربت (آن لائن + نوائے وقت نیوز) انتخابی ریلیوں پر حملوں کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ ہنگو میں جے یو آئی (ف) کی انتخابی ریلی پر خودکش حملے میں 15 افراد جاںبحق اور 37 زخمی ہو گئے۔ لوئر دیر میں پیپلز پارٹی کی انتخابی ریلی میں بم دھماکے میں 6 افراد جاںبحق، 6 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز دوآبہ کے مرکزی بازار میں حلقہ کے پی 43 سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیدوار مفتی سید جانان کی ریلی پر اس وقت خودکش حملہ کیا گیا جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں دوآبہ سے ٹل جا رہے تھے۔ خودکش بمبار نے ان کی گاڑی کے سامنے آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 12 افراد موقع پر جاںبحق اور مفتی سید جانان سمیت 37 افراد زخمی ہو گئے۔ مرکزی بازار میں قائم نجی سکول کے بچے بھی دھماکہ کی زد میں آکر زخمی ہو گئے۔ ڈی پی او سجاد کے مطابق جے یو آئی (ف) کی ریلی کو نشانہ بنایا گیا۔ صدر، نگران وزیراعظم نے ریلی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو الیکشن کے دوران انتخابی امیدواروں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نگران وزیر داخلہ ملک حبیب نے بھی واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب میدان کے علاقے باباگام میں دھماکہ ہوا۔ دھماکہ پیپلز پارٹی کی ریلی میں ہوا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما محمد زمین کے بھائی ظاہر شاہ کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا۔ ظاہر شاہ پی کے 96 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد زمین کی انتخابی مہم کےلئے جا رہے تھے۔ دھماکہ میں پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے زمین شاہ کے بھائی ظاہر شاہ سمیت 6 افراد جاںبحق، 6 زخمی ہو گئے۔ پشاور میں پیپلز پارٹی کے رکن امان اللہ کے گھر کے باہر دھماکے سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ پشاور کے نواحی علاقے خزانہ میں تخریب کاروں نے پیپلز پارٹی کے سرگرم رکن امان اللہ کے گھر کی بیرونی دیوار کے ساتھ دیسی ساختہ بم نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں مکان کے بیرونی حصے اور ایک کمرے کو جزوی نقصان پہنچا۔ جند میں سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ زبیدہ جلال مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں۔ علاوہ ازیں نوازشریف، شہباز شریف، فضل الرحمن، نجم سیٹھی اور دیگر نے دھماکوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔حیدرآباد میں نامعلوم افراد نے ایم کیو ایم کے الیکشن کیمپ پر فائرنگ کر دی جس سے ایک کارکن جاںبحق ہو گیا جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے۔ بعض مشتعل افراد نے سول ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کی اور شیشے کے دروازے توڑ دئیے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے اپردیر میں امیدوار ملک بہرام پر بم سے حملہ کیا گیا جس میں ملک بہرام کے صاحبزادے جاںبحق ہو گئے، 3 افراد زخمی ہوئے۔ کوہاٹ سے صوبائی اسمبلی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اقبال کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔