اسلام آباد (ثناء نیوز) یوکرائن کے سفیر ولادی میر لاکوموف نے پاکستان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یوکرائن میں روس کی جارحیت کے خلاف اپنا عالمی اثر و رسوخ استعمال کرے۔ پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادی میر لاکوموف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ روس کی یوکرائن میں جارحیت ناصرف یورپ بلکہ پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ یوکرائن پاکستان کو ترقی کے منزلیں طے کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پاور سیکٹر میں یوکرائن کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جبکہ ان کا ملک اس وقت یورپ کے متعدد ممالک میں بجلی برآمد کررہا ہے۔ موجودہ حالات میں یوکرائن کو پاکستان کی جانب سے مدد کی امید ہے۔تاہم اس موقع پر انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا ملک پاکستان سے عسکری نہیں بلکہ اخلاقی مدد کی امید کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس کی جارحیت کا جواب دنیا کے تمام ممالک کو دینا ہوگا۔
پاکستان روسی جارحیت کیخلاف اثر و رسوخ استعمال کرے: یوکرائنی سفیر
May 08, 2014