لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے جوزف کالونی کیس کے ملزمان کی ضمانتوں کی منسوخی کیلئے حکومت پنجاب کی اپیل مسترد کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار اور مسٹر جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اپیل کی سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوزف کالونی کے واقعہ میں ملوث ملزمان کے اقدام سے پاکستان کی عالمی سطح پر بدنامی ہوئی۔ سانحہ جوزف کالونی کے نتیجے میں ملک میں بسنے والی اقلیتوں میں عدم تحفظ کو فروغ ملا جبکہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں گھروں کا جلا ڈالا گیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ نے تمام تر گواہوں اور ثبوتوں کے باوجود 72 کے قریب ملزمان کو ضمانتوں پر رہا کر دیا لہٰذا عدالت رہا کئے گئے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کے احکامات صادر کرے۔ ملزمان کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹرائل کورٹ نے گواہوں اور ثبوتوں کی بنا پر اس کیس کے ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں لہٰذا انکی ضمانتوں کی توثیق کی جائے جس پر عدالت نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔
جوزف کالونی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے پنجاب حکومت کی اپیل مسترد
May 08, 2014