ملتان : انسانی حقوق کمشن کے مقامی سربراہ راشد رحمان ایڈووکیٹ قتل‘ دو ساتھی قتل

May 08, 2014

ملتان (خبر نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ملتان کچہری روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے راشد رحمان ایڈووکیٹ جاں بحق2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے راشد رحمان ایڈووکیٹ کے چیمبر میں گھس کر فائرنگ کی جس سے راشد رحمان ایڈووکیٹ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے ساتھی جونیئر وکیل اور ایک ملازم شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق راشد رحمان انسانی حقوق کمشن ملتان کے سربراہ تھے۔ ملتان سے خبرنگار خصوصی کے مطابق ندیم پرواز چودھری اور محمد افضل شدید زخمی ہو گئے۔ راشد رحمان خان ایڈووکیٹ کے ساتھی ملک محمد حسین کھوکھر کا کہنا ہے کعہ انہیں دھمکیاں مل رہی تھیں۔ پولیس کو درخواست دی مگر سکیورٹی نہیں فراہم کی گئی۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ملتان نے راشد رحمان ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف آج ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ دریں اثناء سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ راشد رحمان انسانی حقوق کمشن کے چیئرمین آئی اے رحمان کے بھتیجے تھے۔راشد رحمان مبینہ گستاخ رسول جنید حفیظ لیکچرار بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی کے کیس کی پیروی کررہے تھے اور انہیں دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔

مزیدخبریں