شمالی وزیرستان + خیبر ایجنسی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں کالعدم تحریک طالبان کے دو گروپوں میں تصادم جاری ہے، مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ خیبر ایجنسی میں امن کمیٹی کے مرکز کے قریب بم دھماکہ میں امن لشکر کا ایک رضاکار جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان، افغانستان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں طالبان جنگجو خان سید سجنا اور میزائل حملے میں مارے گئے شہریار محسود کے حامیوں میں تصادم ہوا جس میں مزید 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ نئے تصادم کا سلسلہ منگل کی صبح شروع ہوا تھا اور اس دوران دونوں طرف سے ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر بمباری اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان اب تک ہونے والی جھڑپوں میں بعض اہم کمانڈر بھی جاں بحق ہو چکے ہیں ادھر خیبر ایجنسی کے علاقے شلوبر میں امن کمیٹی کے مرکز کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس سے امن کمیٹی کا ایک رضا جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دوسرے واقعہ میں جمرود کے علاقے میں قبائلی رہنما کے گھر کے باہر دھماکا ہوا تاہم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے سے گھر کے گیٹ کو نقصان پہنچا۔ ادھر مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا گیا اور سرچ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہنگو میں مسلح افراد کی فائرنگ سے چچا بھتیجا ہلاک ہو گئے۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ادھر صوابی میں شہید بابا چیک پوسٹ پر کار کی تلاشی کے دوران سکیورٹی فورس نے 30 ہزار گولیاں برآمد کر لیں۔ دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیرستان : طالبان گروپوں میں تصادم‘ مزید پانچ جاں بحق‘ خیبر ایجنسی میں بم دھماکہ‘ رضاکار مارا گیا
May 08, 2014