کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزارت خزانہ نے کے اے ایس بی بینک کی بینک اسلامی میں انضمام کی منظوری دے دی ہے، جمعہ سے کے اے ایس بی بینک کی شاخیں بینک اسلامی میں ضم ہوجائیں گی، جس کے بعد اب کھاتے دار اپنی اپنی برانچز سے پیسے نکلوا سکتے ہیں۔ دونوں بینکوں کے انضمام کے بعد بینک اسلامی 213 برانچوں کے ساتھ پاکستان کا گیارہواں بڑا بینک بن جا ئے گا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت نے کے ایس بی بینک کے انضمام کی سکیم منظور کرلی ہے جس کے بعد خادم علی شاہ بخاری بینک کا اب بینک اسلامی میں انضمام ہوگیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے بنکنگ کمپنیز آرڈیننس 1962 کے سیکشن 47 کے تحت کے اے ایس بی بینک کو بینک اسلامی میں ضم کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جس کی وزارت خزانہ نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس طرح 8 مئی2015 سے کے اے ایس بی بینک کی 105 شاخوں سمیت تمام اثاثے اور واجبات بینک اسلامی کی 213 شاخوں میں ضم ہوجائیں گے۔ کے اے ایس بی بینک میں3 لاکھ روپے سے زائد رقم کے کھاتے داروں پر6ماہ سے عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک ترجمان کا کہناہے کہ پابندی کے دوران کھاتے داروں نے صبر وتحمل سے کام لیا اور مرکزی بینک پر اپنا اعتماد ظاہر کیا، مرکزی بینک مستقبل میں بھی کھاتے داروں کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔
کے اے ایس بی بنک کا بنک اسلامی میں انضمام، کھاتے دار رقوم نکلوا سکیں گے
May 08, 2015