لاہور(خصوصی رپورٹر) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے ترکی میں جبکہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے مظفرگڑھ میںرجب طیب اردگان ہسپتال کا اکٹھے افتتاح کیا۔ ٭وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر میں متعدد بار پاک ترک دوستی کا ذکر کیا جس پر انقرہ میں ہال میں موجود شرکاء نے بھرپور تالیاں بجائیں اور وزیراعلیٰ کی بھرپور تحسین کی۔ ٭ وزیراعلیٰ نے ترک صدر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ مظفر گڑھ میں آپ کی اہلیہ کے نام سے منسوب ایک جدید سکول بھی قائم کیا گیا ہے-میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ پاکستان تشریف لاکر اس منصوبے کا اپنے دست مبارک سے افتتاح کریںکیونکہ پاکستانی عوام آپ کے دورے کے بہت منتظر ہیں۔ ٭وزیراعلیٰ تقریب میں شرکت کے لئے پنڈال میں آئے تو لوگوں نے تالیا ں بجا کر ان کا استقبال کیا اور ’’شہبازشریف زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔٭ترک صدر نے ترکی زبان میں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے انگریزی اور اردو میں خطاب کیا۔٭مظفرگڑھ میں تقریب کی صدارت وزیر اعلی پنجاب نے کی جبکہ مہمان خصوصی ترکی کے صدر رجب طیب اردگان تھے۔ ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق شہباز شریف نے گزشتہ روز مظفر گڑھ میں ترک حکومت اور عوام کے تعاون سے بنائے گئے رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال کے افتتاح سے قبل ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردگان اور ان کی اہلیہ مسز ایمان طیب اردگان کو پاکستان آ کر ان کی اہلیہ سے منسوب سکول کے افتتاح کی دعوت دے دی ہے۔ اس دعوت کو ترک صدر نے قبول کر لیا ہے تاہم پاکستان آمد سے متعلق تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔