پاکستان کی میانمر کو تعلیمی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تربیت کی پیشکش

May 08, 2015

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان نے میانمر کو تعلیمی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تربیت کی پیشکش کی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میانمر کے ساتھ دفاع، تجارت، کامرس اور سیاحت میں اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے پاک فوج کاآپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ وہ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میانمر کی مسلح افواج کے سربراہ سینئر جنرل من اونگ لیانگ سے گفتگو کررہے تھے۔صدر مملکت نے کہا پاکستان اور میانمر کے درمیان تجارت کا حجم صلاحیت سے کم ہے جس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 2014 میں میانمر کی آسیان کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور میانمر کی دوستانہ تعلقات کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ پاکستان میانمر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان علاقائی امن اور تعاون کے لئے میانمر کی کوششوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ میانمر کی حکومت مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتی برادری کے ساتھ برابری کا سلوک روا رکھے گا۔

مزیدخبریں