ہربنس پورہ: دوسری جماعت کے طالب علم پر تشدد، حالت غیر ہو گئی، ٹیچر گرفتار

May 08, 2016

لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ ہربنس پورہ کے علاقہ میں ٹیچرنے دوسری کلاس کے طالبعلم کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، گھر پہنچنے پر ننھے بچے کی حالت غیر ہو گئی۔ بچے کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے پر واالدین اسے لیکر تھانے پہنچ گئے۔ پولیس نے ٹیچر کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا۔ ننھے طالبعلم کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے تاحال معاملہ کی تحقیقات کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ معلوم ہو اہے کہ گورنمنٹ مڈل سکول فتح گڑھ کے ٹیچر حافظ انجم نے سبق یاد نہ کرنے پر دوسری جماعت کے طالبعلم اکبر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے بچے کے جسم پر واضح تشدد کے نشانات دیکھتے ہوئے فوری طور پر ٹیچر کو حراست میں لے لیا جبکہ بچے کا میڈیکل کروایا گیا۔ میڈیکل رپورٹ آنے پر پولیس نے ٹیچر کیخلاف طالبعلم کے والد عبدالغفور کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ٹیچر کو حوالات میں بند کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، ملزم کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔
طالب علم/ تشدد

مزیدخبریں